حیدرآباد (دکن فائلز) سپریم کورٹ نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری معاملہ کے 11 درندہ صفت مجرمین کی رہائی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے گجرات حکومت کے فیصلہ پر سخت تبصرے کئے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب یہ درندہ صفت مجرمین بہت جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے گجرات کی بی جے پی حکومت کو پھٹکار بھی لگائی۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ مجرمین کے خلاف مقدمہ چلا اور سزا سنائی گئی وہیں قصورواروں کی سزا کو ریاستی حکومت معاف کرسکتی ہے لیکن قصورواروں کی سزا معافی کا فیصلہ گجرات حکومت نہیں کرسکتی، کیونکہ اس کیس کی سماعت مہاراشٹر میں ہوئیں تھی اور فیصلہ بھی وہیں ہوا تھا، اسی لئے مجرمین کی سزا کو معاف کرنے کا اختیار اب مہاراشٹرا حکومت کو حاصل ہے۔
عدالت اعظمیٰ نے 11 مجرمین کی رہائی کے فیصلہ کو گجرات حکومت کی جانب سے طاقت کا غلط استعمال تھا۔ سپریم کورٹ نے سبھی 11 قصورواروں کو اگلے دو ہفتے میں جیل اتھارٹی کے سامنے خود سپردگی کا حکم دیا۔
بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری معاملے کے 11 قصورواروں کی سزا معافی کے گجرات حکومت کے فیصلے کے خلاف بلقیس بانو نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ جسٹس بی وی ناگرتنا اور جسٹس اجول بھوئیاں کی بنچ نے معاملے کی سماعت کی اور 12 اکتوبر 2023 کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جبکہ آج فیصلہ سنادیا گیا۔


