حیدرآباد (دکن فائلز) گوا میں اپنے ہی چار سالہ بیٹے کو قتل کرنے والی 40 سالہ معروف خاتون کو بالآخر گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بنگلور کی ایک اسٹارٹ اپ کی بانی سچانا سیٹ نے اپنے بیٹے کو گوا لے جاکر مبیہ طور پر قتل کردیا۔ ہفتہ کے روز خاتون بنگلور سے گوا گئی اور ہوٹل میں ٹھہری لیکن پیر کو اس نے ہوٹل سے چیک آوٹ کردیا۔ چیک آوٹ کے دوران خاتون کے ساتھ اس کے بیٹے کو نہ پاکر ہوٹل عملے کو شک ہوگیا۔
ہوٹل عملے نے پولیس کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے منصوبہ بناکر خاتون کو گرفتار کرلیا جبکہ وہ گوا سے بنگلور فرار ہونے کی کوشش کررہی تھی۔ ہوٹل کے کمرہ میں خون کے دھبے بھی دیکھے گئے۔
سچانا سیٹ مصنوعی ذہانت کے اسٹارٹ اپ مائنڈفل اے آئی لیب کی سی ای او ہے جبکہ اس کا شمار نامور خواتین میں کیا جاتا ہے۔ وہ ہارورڈ یونیورسٹی کے برک مین کلین سنٹر میں ڈیٹا سائنس داں کی حیثیت سے کام کرچکی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ خاتون کا اس کے شوہر سے طلاق ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شوہر سے جھگڑوں کے چلتے خاتون نے اپنے ہی بیٹے کا قتل کردیا۔


