شکیل عامر کے فرزند سہیل ہائی کورٹ سے رجوع، ریش ڈرائیونگ کیس میں گرفتار نہ کرنے کی ہدایت

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بودھن کے سابق ایم ایل اے شکیل کے بیٹے سہیل کو ریش ڈرائیونگ کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ سہیل کو رواں ماہ کی 17 تاریخ کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آج ہائی کورٹ میں سہیل کی طرف سے ایک درخواست دائر کرکے ریش ڈرائیونگ کیس کو خارج کرنے کی التجا کی گئی۔ سہیل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کے خلاف ریش ڈرائیونگ کیس میں لک آؤٹ نوٹس جاری کیا گیا۔ سہیل اسے جھوٹا کیس بتایا۔

عدالت نے سہیل کے وکیل سے دریافت کیا کہ اگر یہ جھوٹا کیس ہے اور سہیل نے کسی جرم کا ارتکاب نہیں کیا تو پھر وہ دبئی فرار کیوں ہوگیا؟ جس کے جواب میں وکیل نے کہا کہ سہیل کو ڈر تھا کہ اسے جھوٹے کیس میں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

عدالت نے اس معاملہ کی سماعت کو رواں ماہ کی 24 تاریخ تک ملتوی کردیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ 23 دسمبر کو پنجہ گٹہ پرجا بھون کے سامنے کھڑی رکاوٹوں کو سہیل کی کار نے ٹکر ماردی تھی۔ پہلے ڈرائیور کے خلاف کیس درج کیا گیا تاہم بعد میں سہیل کے خلاف ریش ڈرائیونگ کا مقدمہ درج کیا گیا۔ اس دوران پتہ چلا کہ سہیل دبئی فرار ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے لک آوٹ نوٹس بھی جاری کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں