حیدرآباد (دکن فائلز) جدید دور میں اسمارٹ فون کے بغیر رہنا بہت مشکل لگتا ہے یہاں تک کہ اس کا استعمال نوجوان لوگوں میں ایک نشے کی صورت اختیار کرچکا ہے تاہم ممبئی کی ایک خاتون منجو گپتا نے اس مسئلے کا انوکھا حل نکالا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منجو گپتا نامی خاتون نے اپنے شوہر اور بچوں کی اسمارٹ فون کی لت چھڑوانے کے لیے ایک معاہدہ تیار کیا جس پر ان سے دستخط کروائے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ان کے گھر والے ایک دوسرے سے زیادہ اپنے موبائل کے قریب ہوگئے تھے۔
منجو گپتا کا معاہدے پر سب سے دستخط کروانے کا مقصد اسمارٹ فونز کے متوازن استعمال اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزارنے کی عادت کو فروغ دینا ہے۔ معاہدے میں، جو ایک کاغذ پر ہندی زبان میں لکھا گیا ہے، تین اصول طے کیے گئے ہیں جو کہ درج ذیل ہیں:
1) جب گھر والے صبح اٹھیں تو اپنے فون کی بجائے سورج کی طرف دیکھیں۔
2) کھانے کی میز پر سب کو اکٹھے کھانا ہے اور اس دوران کسی کے پاس موبائل فون نہ ہو۔
3) کوئی باتھ روم میں بھی اسمارٹ فون نہیں لے کر جائے گا کہ وہاں بیٹھ کر وقت ضائع کیا جائے۔
معاہدے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ فیصلہ غصے میں نہیں لیا گیا اور سزا یہ وضع کی گئی ہے کہ اگر کسی نے ضابطے کی خلاف ورزی کی تو اس پر ایک ماہ کے لیے آن لائن آرڈر پر کھانا منگوانے پر پابندی ہوگی۔