حیدرآباد (دکن فائلز) منی پور مں آج کانگریس کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا آغاز ہوگیا۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کی شروعات آج منی پور کے کھونگجوم گاؤں سے ہوئی۔ اس موقع پر راہل کے ساتھ پارٹی کے متعدد سینئر رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے منی پور کے معاملہ پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ منی پور پوری طرح تباہ ہو چکا ہے اور ایک عرصے سے یہاں حالات انتہائی خراب ہیں لیکن مودی نے آج تک منی پور کا دورہ کیوں نہیں کیا؟ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی منی پور کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ نہیں مانتے ہیں۔ راہل نے وضاحت کی کہ بھارت جوڑو نیا یاترا ملک کے لوگوں کو متحد کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہاکہ ’یہ انتخابی ریلی نہیں ہے، یہ ایک نظریاتی یاترا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان بہت مشکل میں ہے۔ انہوں نے رام کے نام پر سیاست کرنے پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’بی جے پی کے ہونٹوں پر رام کا نام ہے اور بغل میں چھڑی ہے‘۔
واضح رہے کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی، ڈپٹی سی ایم بھٹی وکرامارکا، پی سی سی سربراہ گڈوگو رودرراجو، رگھوویرا ریڈی، پالم راجو اور شرمیلا نے منی پور پہنچ کر راہل گاندھی کی بھارت جوڑوں نیائے یاترا میں شرکت کی۔
بھارت جوڑو نیائے یاترا 6713 کیلو میٹر کا سفر طئے کریگی اور ملک کی مختلف ریاستوں سے ہوتے ہوئے مہاراشٹرا کے ممبئی پہنچے گی۔ یہ یاترا 5 ریاستوں کے 100 لوک سبھا حلقوں سے گذرے گی۔ راہل گاندھی مسلسل 67 روز میں 110 اضلاع کا دورہ کریں گے جبکہ یاترا 21 مارچ کو ممبئی میں ختم ہوگی۔


