پرجا بھون سڑک حادثہ کیس میں نیا موڑ، عامر شکیل کے خلاف بھی مقدمہ درج

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے بیگم پیٹ میں واقع پرجا بھون کے سامنے رکاوٹوں سے تیز رفتار کار کے ٹکرانے کے واقعہ میں ایک نیا موڑ آیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں سابق رکن اسمبلی شکیل عامر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ شکیل عامر کے فرزند راحیل پر تیز رفتار کار چلاتے ہوئے سڑک کنارہ رکاوٹوں سے ٹکرانے کے الزام کے تحت پہلے سے ایک مقدمہ درج ہے جبکہ آج شکیل عامر پر فرزند کو بچانے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ اس کیس میں راحیل کو بچانے کی کوشش کرنے والے سی آئی درگا راؤ کو بھی معطل کردیا گیا تھا اور ایس ایس آئی و ہیڈ کانسٹیبل کو نوٹس دی گئی تھی۔ اب شکیل عامر کا نام بھی ایف آئی آر میں شامل کرلیا گیا جبکہ ان پر اپنے فرزند کو بچانے کی کوشش کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق شکیل عامر کے فرزند راحیل دبئی فرار ہوگئے، اس کےلئے تقریباً دس افراد نے ان کی مدد کی۔ اس معاملہ میں پولیس راحیل کےلئے لک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ دبئی سے راحل کی حوالگی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ وہیں ایک اور اطلاع کے مطابق عامر شکیل بھی دبئی میں ہی مقیم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں