’بابری کو یاد کرو، یہ ہندوستان ہے رام راج نہیں‘: ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں سیکولر طلبا کا مظاہرہ

حیدرآباد (دکن فائلز) رام مندر کے افتتاح کے موقع پر بی جے پی، آر ایس ایس اور سنگھی تنظیموں پر ملک بھر میں سیکولر افراد کی جانب سے تنقیدیں کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ کے ایک گروپ نے کلاسوں کا بائیکاٹ کیا اور ‘آر ایس ایس ڈاون ڈاون’ و ‘ریمیمبرنگ بابری‘ جیسے نعرے لگائے۔ طلبا نے اس موقع بی جے پی اور آر ایس ایس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ’یہ ہندوستان ہے رام راج نہیں‘۔

اسی طرح کیرالہ کے کالی کٹ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی کے طلباء نے بھی رام مندر کے افتتاح کے موقع پر پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے بعد کچھ شرپسند طلبا نے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ دونوں گروپوں میں تصادم کے بعد افراتفری پھیل گئی تاہم پولیس نے مداخلت کرکے حالات کو پرسکون کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران طلبا نے ’یہ ہندوستان ہے رام راج نہیں‘ کے نعرے لگائے۔

مہاراشٹرا کے پونے میں فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں بھی سیکولر ذہن رہنے والے طلبا نے رام مندر کے افتتاح کے موقع پر مظاہرہ کیا۔ طلبا نے ادارہ میں ایک بینر نصب کیا جس پر تحریر تھا، ’بابری کو یاد کرو‘۔ جس وقت ایودھیا میں تقریب چل رہی تھی اس وقت ایف ٹی آئی آئی کی طلبا تنظیم سے وابستہ طلبا نے کیمپس کے احاطے میں ‘بابری کو یاد کرو’ کے پیغام کے ساتھ بینرز تھامے ہوئے مظاہرہ کیا۔

دوسری طرف دارالحکومت دہلی کے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں رام مندر کے افتتاح کے موقع پر آئین کی تمہید پڑھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جے این یو کے احاطے میں متعدد طلباء اور فیکلٹی ارکان نے جمع ہوکر آئین کی تمہید پڑھی اور ملک میں امن و امان کی برقراری کےلئے تمام لوگوں کو ایکساتھ آنے کا مشورہ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں