حیدرآباد (دکن فائلز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج اِس بات کو واضح کیا کہ ایودھیا میں نو تعمیر شدہ رام مندر، ایک وسیع علامت ہے، جو عدلیہ کے عمل میں عوام الناس کے عقیدے اور مکمل بھروسے کا اظہار ہے۔ 75 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ مرمو نے کہا کہ ایودھیا میں مندر کی تعمیر، باقاعدہ عدالتی عمل اور ملک کی عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کے بعد شروع ہوئی تھی۔
دنیا بھر میں جاری حالیہ تصادم کا حوالہ دیتے ہوئے صدر جمہوریہ مرمو نے کہا کہ دنیا بھر میں بہت سے تصادم ابھر کر سامنے آئے ہیں اور اِن کی وجوہات کی بنا پر اِن کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر انسانی بنیادوں پر المناک واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور اِن انسانی مسائل پر بھارتیوں کو تکلیف پہنچتی ہے۔
صدر جمہوریہ مرمو نے زور دیا کہ کہ بھارت کی قدیم فہم بھی، عالمی ماحولیاتی بحران سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے دنیا کی مدد کرسکتی ہے۔ انھوں نے اِس بات پر اظہارِ مسرت کیا کہ بھارت، توانائی کے قابل تجدید وسائل کو فروغ دینے میں سب سے آگے ہے اور عالمی پیمانے پر آب و ہوا سے متعلق اقدامات میں قائدانہ پوزیشن حاصل کر رہا ہے۔ اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے اپنے اِس یقین کا اظہار کیا کہ ناری شکتی وَندن ادھینیم، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے ایک انقلابی وسیلہ ثابت ہوگا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ یہی سال تھا، جس میں بھارت چاند پر پہنچا اور چاند کے جنوبی قطبی خطے میں لینڈ کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ انھوں نے کہا کہ چندریان تین کے بعد خلائی تحقیق کی بھارتی تنظیم نے ایک شمسی مشن بھی شروع کیا ہے۔ حال ہی میں آدتیہ ایل۔1 کو سورج کے مدار میں کامیابی کے ساتھ داخل کیا گیا۔ اقتصادی شرح سے متعلق صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت کی GDP کی پیش رفت کی شرح، حالیہ برسوں میں بڑی معیشتوں کے مابین سب سے زیادہ رہی ہے۔ انھوں نے اِس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ غیر معمولی کار کردگی 2024 اور اُس کے بعد بھی جاری رہے گی۔
صدر جمہوریہ نے ملک کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئین میں بیان کردہ اپنے بنیادی فرائض پر عمل پیرا رہیں کیونکہ بھارت کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے تئیں یہی لازمی عمل ہیں۔ صدر جمہوریہ نے مسلح افواج ، پولیس اور نیم فوجی افواج کی یہ کہتے ہوئے ستائش کی کہ بغیر اُن کی شجاعت اور نگرانی کے بھارت اِس طرح کی بلندیاں حاصل نہیں کر سکتا تھا۔


