مدارس کے نصاب میں بڑی تبدیلی، اب شری رام کو بھی پڑھیں گے بچے

(ایجنسیز) اتراکھنڈ کے مدارس کے نصاب میں بڑی تبدیلی ہونے جا رہی ہے۔ روزنامہ خبریں کی رپورٹس کے مطابق اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین نے بتایا ہے کہ مدرسہ میں بچوں کو شری رام کی کہانیاں پڑھائی جائیں گی۔ وقف بورڈ کے سربراہ شاداب شمس نے کہا کہ اس سال مارچ میں شروع ہونے والے سیشن میں نیا نصاب لاگو کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شری رام ایک ایسا کردار ہے جس کے بارے میں ہر کسی کو جاننا چاہئے اور ان کی پیروی کرنی چاہئے۔ واضح ہو کہ اتراکھنڈ میں وقف بورڈ کے تحت 117 مدارس چلتے ہیں۔

وقف بورڈ کے سربراہ شاداب شمس نے کہا کہ شری رام تخت چھوڑ کر جنگل چلے گئے تھے تاکہ ان کے والد کی اپنا وعدہ پورا کرنے میں مدد کریں۔ رام جیسا بیٹا کون نہیں چاہے گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ شری رام کی سوانح عمری بھی پڑھائی جائے گی-

انہوں نے مدرسہ کے طلباء سے کہا کہ سب کو شری رام کی خوبیوں پر عمل کرنا چاہئیے- بچے شری رام کی کہانیوں سے اچھی خوبیاں اور اقدار سیکھیں گے۔ گویا اب یہ طے ہے کہ دہرادون، ادھم سنگھ نگر، ہریدوار اور نینی تال کے اضلاع میں چلنے والے مدارس میں بچوں کو شری رام کی کہانیاں پڑھائی جائیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ جب مدارس کا اس طرح کے حوالہ کے ساتھ ذکر آتا ہے تو اس سے مراد امداد یافتہ اور منظور شدہ مدارس ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں