حیدرآباد (دکن فائلز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں ہر ایک شخص کے لئے ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل تیار کرنے کی اعلیٰ حکام کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے اس کےلئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔ ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل کارڈ کو ایک منفرد نمبر کے ساتھ لنک کرنے کی تجویز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سے ہنگامی حالات میں مناسب علاج فراہم کیا جا سکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس ہیلتھ پروفائل کارڈ کے ساتھ آروگیاسری کو جوڑنے کا بھی مشورہ دیا۔
ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست کے ہر باشندہ کا ہیلتھ پروفائیل تیار کیاجائے ۔ اس ہیلتھ پروفائیل میں ہیلتھ کارڈ بھی جاری کیا جائے گا جسے آروگیہ شری سےمربوط کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے محکمہ طب وصحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ آج ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آروگیہ شری کیلئے وائٹ راشن کارڈ کو لازمی قراردیئےجانے کے ضابطہ میں نرمی دیئے جانے پر غور کیاجائے ۔
اُنہوں نے بتایاکہ اس ضابطہ کی وجہ سے سفید راشن کارڈ حاصل کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ چیف منسٹر نے ورنگل ، ایل بی نگر، صنعت نگر، الوال میں ٹمس سوپر اسپشالٹی ہاسپٹلس کی تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ میڈیکل کالجس کے مقام پر نرسنگ فزیو تھراپی اور فارمیسی کالجس قائم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ اُنہوں نے اس کیلئے ایک مشترکہ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں وزیر صحت دامودرراج نرسمہا، چیف سکریٹری شانتی کماری، ہیلتھ سیکریٹری کرسٹینا، سی ایم پرنسپل سکریٹری شیشادری، سی ایم جوائنٹ سکریٹری سنگیتا ستیہ نارائنا، ڈرگ کنٹرول کے ڈائرکٹر جنرل کملاہاسن ریڈی، سی ای او آروگیہ شری وچلاکشی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔


