گیانواپی مسجد کے تہہ خانہ میں پوجا شروع، عدالتی حکم کے بعد عجلت میں کی جارہی حرکت پر مسلمانوں میں تشویش

حیدرآباد (دکن فائلز) عدالت کے حکم کے بعد گیانواپی تہہ خانے میں پوجا شروع ہوگئی جبکہ پوجا کے پیش نظر احاطے کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔ گیانواپی کمپلیکس کے تہہ خانے میں پوجا پر پابندی کے 30 سال سے زیادہ کے بعد گذشتہ روز ضلعی عدالت کے حکم کے چند گھنٹوں کے اندر پوجا شروع کردی گئی۔ ہندوؤں کی جانب سے آرتی اور پرساد کی تقسیم بھی کی جارہی ہے۔

گیانواپی میں واقع تہہ خانے کے بارے میں عدالتی حکم کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران رات دیر گئے وشواناتھ دھام پہنچ گئے تھے اور تہہ خانے میں پوجا کے انتظامات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ جج کے حکم پر عمل آوری کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا۔

عجلب میں چہارشنبہ کی رات دیر گئے گیانواپی کمپلیکس کے تہہ خانے میں پوجا شروع کردی گئی جبکہ آج صبح سے ہی آرتی اور پرساد تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ڈویژنل کمشنر کوشل راج شرما نے کہاکہ عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے جمعرات کی صبح سے ہی تہہ خانے میں باقاعدہ پوجا کے انتظامات کئے گئے۔

مانا جارہا ہے کہ مسلم فریق کے وکیل آج ہائیکورٹ سے رجوع ہوں گے تاہم اس سے قبل ہی ہندو فریق کی جانب سے پوجا شروع کردی گئی۔ تہہ خانہ میں پوجا کی خبروں کے بعد ملک بھر کے مسلمانوں میں تشویش دیکھی جارہی ہے اور سبھی کی نظریں اب ہائیکورٹ پر ٹکی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ڈسٹرکٹ جج نے تہہ خانہ میں ہندوؤں کو پوجا کی اجازت دیتے ہوئے ریسیور کو سات دنوں کے اندر اس کےلئے انتظامات کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے صرف چند گھپنٹوں میں بھی عجلب میں پوجا شروع کردی گئی۔ وہیں مسلم پرسنل لا بورڈ نے عدالتی حکم پر شدید تنقید کی اور مسجد کے تہہ خانہ میں پوجا کی اجازت دینے کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں