ایل کے اڈوانی کو ہندوستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز ’بھارت رتن‘ سے نوازا جائے گا

حیدرآباد (دکن فائلز) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح اعلان کیا کہ بی جے پی کے بزرگ رہنما لال کرشن اڈوانی کو ہندوستان کا سب سے بڑا شہری اعزاز ’بھارت رتن‘ دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایل کے اڈوانی ہمارے دور کے سب سے قابل احترام سیاستدان ہیں۔ مودی نے مزید کہا کہ ہندوستان کی ترقی میں ان کا تعاون یادگار رہا۔

مودی نے ٹوئٹ کیا کہ “مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ شری ایل کے اڈوانی جی کو بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔ میں نے ان سے بھی بات کی اور انہیں اس اعزاز سے نوازے جانے پر مبارکباد دی”۔

اڈوانی، اٹل بہاری واجپائی حکومت میں نائب وزیر اعظم کے طور پر کام کر چکے ہیں، اس کے علاوہ وہ کئی وزارتوں کی سربراہی کر چکے ہیں۔ وہ 1970 اور 2019 کے درمیان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے رکن رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اڈوانی نے 6 دسمبر 1992 میں بابری مسجد کی شہادت سے قبل پورے ملک میں رتھ یاترا نکالی تھی جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں فسادات ہوئے تھے اور متعدد لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔ وہیں ممبئی فسادات کی تحقیقات کرنے والے بامبے ہائی کورٹ کے جسٹس بی این سری کرشنا کمیشن نے بھی بابری مسجد کے انہدامی کاروائی کو غیر قانونی قرار دیتےہوئے بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی کی رتھ یاترا کو مسجد کی مسِماری کے لیے ذمہ دار قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں