حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں سردیوں کا موسم ختم ہونے سے قبل ہی گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح گیارہ بجے سے ہی سورج کی تپش میں اضافہ دیکھا گیا جس کا سلسلہ شام چار بجے تک جاری رہا۔ سری لنگم پلی میں درجہ حرارت سب سے زیادہ 37.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ حیدرآباد کی تاریخ میں آج کے دن سب سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ° C ریکارڈ کیا گیا تھا۔
تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے اعدادوشمار کے مطابق حیدرآباد کے مختلف علاقوں سرور نگر، چارمینار، راجندر نگر، مہدی پٹنم، جوبلی ہلز، خیریت آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 38 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کیا گیا۔ کوکٹ پلی میں 37.6°C، شیخ پیٹ میں 37.6°C، یونیورسٹی آف حیدرآباد علاقہ میں 36.9°C اور بالا نگر میں 36.2°C زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح حیدرآباد کے پرانے شہر کے مختلف علاقوں آصف نگر، کاروان، چارمینار اور مہدی پٹنم میں بھی درجہ حرارت تقریباً 36 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔ انڈیا میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ حیدرآباد کے دفتر نے اطلاع دی کہ شہر میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق منگل کو کم از کم درجہ حرارت 21.9 ڈگری سیلسیس تھا۔
آئی ایم ڈی-ایچ کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ دو دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔


