مولانا مفتی سلمان ازہری کی جوناگڑھ عدالت سے ضمانت منظور

حیدرآباد (دکن فائلز) گجرات کے جوناگڑھ ضلع کی ایک عدالت نے 7 فروری چہارشنبہ کے روز مبلغ اسلام مولانا مفتی سلمان ازہری اور دو دیگر کو مبینہ “نفرت انگیز تقریر” مقدمہ میں ضمانت دے دی۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ایس اے پٹھان نے ممبئی میں مقیم ازہری اور دو دیگر افراد کی ضمانت منظور کرلی۔ مولانا کے علاوہ دو افراد جو جوناگڑھ کے مقامی ہیں اور جنہوں نے جوناگڑھ میں 31 جنوری کو مذہبی جلسہ کا انعقاد کیا تھا۔

مولانا ازہری اور ان کے ساتھیوں محمد یوسف ملک اور عظیم حبیب کو پولیس کے ایک دن کا ریمانڈ شام بجے ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد ان کے وکلا نے باقاعدہ طور پر ضمانت کےلئے عدالت سے التجا کی۔

مولانا ازہری کے وکیل شکیل شیخ نے بتایا کہ دونوں فریقین کو سننے کے بعد عدالت نے 15 ہزار روپئے کے کے مچلکے پر ضمانت دے دی۔

واضح رہے کہ گجرات کرائم برانچ کی جانب سے 10 دن کے ریمانڈ کےلئے درخواست کی گئی تھی تاہم عدالت نے درخواست کو نامنظور کرتے ہوئے مولانا کو ضمانت دے دی۔ عدالت نے مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے مولانا کو ملک سے باہر نہ جانے کی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ گجرات کے کچھ میں بھی مولانا ازہری کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق مولانا ازہری کی جانب سے 8 فروری کو ضلع کچھ کی عدالت میں ضمانت کےلئے عرضی داخل کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں