حیدرآباد میں این آئی اے کے چھاپے، نکسلائٹس سے روابط کے الزام میں خاتون وکیل حراست میں

قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے حیدرآباد کے اپل میں واقع ہائیکورٹ کی خاتون ایڈوکیٹ شلپا کے مکان پر چھاپہ مارا۔
اطلاع کے مطابق کچھ روز قبل نرسنگ کی طالبہ رادھا لاپتہ ہوگئی تھی جبکہ اس معاملہ میں وشاکھاپٹنم میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ خاتون وکیل شلپا پر نکسل سرگرمیوں کےلیے بھرتی کرنے کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق رادھا کے لاپتہ معاملہ میں جانچ کے ایک حصہ کے طور پر حیدرآباد میں مختلف مقامات پر این آئی اے کی جانب سے چھاپہ ماری کی گئی۔ ایڈوکیٹ شلپا کے گھر کی تلاشی لی گئی جبکہ شلپا پر رادھا کو ماؤنوازوں کی صفوں میں شامل کرنے کا الزام ہے۔ بعدازاں شلپا کو این آئی اے کے دفتر لایا گیا۔
واضح رہے کہ این آئی اے کے عہدیداروں نے آج میدک میں بھی تلاشی کاروائی انجام دی۔ ماؤنواز لیڈر شنکر کے بیٹے کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ رادھا کی ماں نے ماؤنوازوں پر رادھا کو اغوا کرنے کا الزام عائد کیا جس کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے 31 مئی کو اس معاملہ کی تحقیقات کےلیے این آئی اے کو ہدایت دی۔ این آئی اے نے مبینہ ماؤنواز رہنما گجرلا روی اور ارونا کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں