راجیہ سبھا انتخابات: بی جے پی نے 14 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی

حیدرآباد (دکن فائلز) بھارتیہ جنتا پارٹی نے راجیہ سبھا انتخابات جو 27 فروری کو منعقد ہوں گے کےلئے اپنے 14 امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔ 15 ریاستوں میں 56 سیٹوں کے 27 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور اسی روز ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

کانگریس سے 2022 میں بی جے پی میں شامل ہونے والے آر پی این سنگھ کو اترپردیش سے بی جے پی نے امیدوار بنایا ہے، اسی طرح یو پی سے سدھانشو ترویدی، چودھری تیجویر سنگھ، سادھنا سنگھ، امرپال موریہ، سنگیتا بلونت اور نوین جین کو امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی نے اترپردیش میں صرف مسلم طبقہ کو چھوڑ کر سبھی ذاتوں کا ٹھیک توازن برقرار رکھا ہے جس میں کرمی، برہمن، نشاد، جین، راجپوت، موریہ، جاٹ کے امیدواروں کو موقع دیا گیا ہے، لیکن اس بار بھی مسلم نمائندگی کو یکسر نظرانداز کردیا گیا۔ جبکہ مودی حکومت کی جانب سے ’سب کا ساتھ‘ کا نعرہ زوردار آواز میں تو دیا جاتا ہے لیکن عمل کتنا ہوتا ہے اس کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

بہار میں چھ سیٹوں کےلئے بی جے پی نے دھرم شیلا گپتا اور بھیم سنگھ کا نام فہرست میں شامل کیا ہے۔ وہیں چھتیس گڑھ میں بی جے پی نے راجہ دیویندر پرتاپ سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔ اسی طرح ہریانہ میں سابق ریاستی سربراہ سبھاش برالا بی جے پی کے امیدوار ہوں گے۔ کرناٹک میں نارائن کرشنا بھنڈیج کو بی جے پی امیدوار بنایا۔

اتراکھنڈ میں بی جے پی مہندر بھٹ کو میدان میں اتارے گی۔ جبکہ مغربی بنگال میں پارٹی سمیک بھٹاچاریہ کو امیدوار بنایا ہے۔ گجرات، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کے امیدواروں کی فہرست جلد جاری کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں