گریٹر حیدرآباد کی ڈپٹی میئر ایم سری لتا کی ریونت ریڈی سے ملاقات، بی آر ایس کو جھٹکے پہ جھٹکا

حیدرآباد (دکن فائلز) گریٹر حیدرآباد کی ڈپٹی میئر ایم سری لتا شوبھن ریڈی نے اپنے شوہر کے ساتھ آج وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ یہ جوڑا جلد ہی کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والا ہے۔ ڈپٹی میئر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بی آر ایس کی قیادت سے ناخوش ہیں۔ انہوں نے بی آر ایس کارپوریٹروں کی میٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی جسے حال ہی میں پارٹی کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے بلایا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ ایم سری لتا کے شوہر شوبھن ریڈی سکندرآباد حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر آئندہ لوک سبھا انتخابات لڑنے کے خواہشمند ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے گریٹر حیدرآباد کے سابق میئر بی رام موہن اور سابق ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین بھی ریونت ریڈی سے ملاقات کی ہے جبکہ بابا فصیح الدین نے باضابطہ طور پر کانگریس میں شمولت اختیار کرلی۔ اسی طرح رام موہن بھی جلد ہی کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ وہ آئندہ انتخابات میں ملکاجگیری لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ کی امید کر رہے ہیں۔

ان تینوں لیڈروں کی شمولیت سے گریٹر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کو تقویت ملنے کا امکان ہے کیونکہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں اس علاقے میں کانگریس کو بڑا نقصان ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں