حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ملک پیٹ حلقہ سے رکن اسمبلی اور ایک ہائیکورٹ کے وکیل کے خلاف دھوکہ دہی اور ہراسانی کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی، جبکہ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ دونوں نے انہیں زمین کے ایک معاملہ میں دھمکیاں دیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایس سدن پولیس نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے سینئر وکیل ویدولا وینکٹ رامنا اور ملک پیٹ کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا۔ دونوں کے خلاف درج فہرست ذات (ایس سی طبقہ) سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ایک زمین کے معاملہ میں انہیں ہراساں کرنے اور دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے شکایت درج کرائی تھی۔
شکایت کنندہ ڈاکٹر چنتلا یادگیری نے وکیل پر ایک زمین کا کیس جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کرکے 7 کروڑ روپئے نقد وصول کرنے کا الزام عائد کیا جبکہ یہ مقدمہ اس کے حق میں نہیں سنایا گیا۔ فیصلہ کے بعد جب اس نے قم کا مطالبہ کیا تو وکیل کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں۔ یادگیری نے وکیل پر جان بوجھ کر کیس ہارنے کا الزام بھی عائد کیا۔
یادگیری نے مزید الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی نے وکیل کے ساتھ مکر اسے دھمکیاں دی اور ہراساں کیا۔ یادگیری نے رقم کی واپسی کے لیے وکیل کے خلاف فری کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایس سی/ایس ٹی مظالم (POA) ایکٹ کے تحت بھی مقدمہ درج کرنے کی گذارش کی تھی۔
پولیس نے بتاتیا کہ کیس کی تحقیقات کےلئے مقدمہ کو سینٹرل کرائم اسٹیشن (CCS)، ڈیٹیکٹیو ڈیپارٹمنٹ (DD) حیدرآباد کو منتقل کر دیا گیا ہے۔


