خواتین کرکٹ ٹیم کے کوچ معطل، غیراخلاقی حرکت کے خلاف شکایت کے بعد کاروائی

حیدرآباد (دکن فائلز) خواتین کرکٹ ٹیم کے کوچ جیسمہا کو ایچ سی اے کے صدر نے معطل کر دیا۔ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے کوچ جیسمہا کو خواتین کرکٹرز کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور غیراخلاقی حرکت کرنے پر معطل کردیا۔ کوچ کو فوری طور پر برطرف کرنے کا حکمنامہ جاری کردیا گیا۔

ایچ سی اے کے صدر جگن موہن راؤ نے واضح کیا کہ اگر کرکٹرز کی عزت کو ٹھیس پہنچتی ہے تو اسے کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق خواتین کرکٹ ٹیم کے ارکان میچ کھیلنے وجئے واڑہ گئے تھے، میچ کے بعد وہ بس کے ذریعے حیدرآباد واپس آئے۔ دراصل انہیں ہوائی جہاز سے آنا تھا لیکن کوچ جیسمہا کی دیری کی وجہ سے فلائٹ چھوٹ گئی۔ ٹیم کے ارکان ایک بس میں حیدرآباد روانہ ہوئے۔ اس دوران کوچ جیسمہا نے خاتون کھلاڑیوں کے سامنے بس میں شراب پینا شروع کر دیا جس پر کھلاڑیوں نے اعتراض کیا تو اس نے خاتون کھلاڑیوں کے ساتھ نازیبا زبان کا استعمال کیا۔

سلیکشن کمیٹی کی رکن پورنیما راؤ بھی اسی بس میں سوار تھیں۔ خواتین کرکٹرز نے اس واقعے کی شکایت ایچ سی اے سے کی ہے ۔ ایچ سی اے صدر نے چار دن پہلے پیش آئے واقعہ پر آج کاروائی کرتے ہوئے کوچ جیسمہا کو معطل کردیا۔ خواتین کرکٹرز کی شکایت کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں