لوک سبھا انتخابات 2024 کے شیڈول کو لیکر تجسس برقرار، 9 مارچ کے بعد عام انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کا امکان

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک بھر میں لوک سبھا انتخابات 2024 کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیوں میں بھی زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ وہیں مرکزی الیکشن کمیشن کے عہدیدار بھی مختلف ریاستوں کا دورہ کرکے عام انتخابات کے سلسلے میں انتظامات میں مصروف ہیں۔ اس پس منظر میں یہ خیال کیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 9 مارچ کے بعد کسی بھی وقت 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے انتخابی تاریخوں کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔

امید کی جارہی ہے کہ 18ویں لوک سبھا کے عام انتخابات اپریل اور مئی کے درمیان منعقد ہوں گے۔ انتخابات کی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق ای سی آئی کے عہدیداروں کی ایک ٹیم مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اہلکار 8 اور 9 مارچ کے دوران حکومتی نمائندوں سے ملاقات کریں گے تاکہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال اور فورسز کی دستیابی کا جائزہ لیا جا سکے۔

واضح رہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان 10 مارچ 2019 کو کیا گیا تھا جبکہ پولنگ 11 اپریل سے 19 مئی کے دوران سات مرحلوں میں ہوئی تھی اور ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں