ریڈیو کی معروف شخصیت امین سیانی نہیں رہے

حیدرآباد (دکن فائلز) ریڈیو پریزینٹر امین سیانی 91 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ اس طری ریڈیو کی ایک معروف آواز اب ہمیشہ کیلئے بند ہوگئی۔ وہ طویل عرصہ سے ریڈیو سیلون ویویدھ بھارتی پر اپنی آواز کا جادو بکھیر رہے تھے۔ دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوا۔ ان کے بیٹے راجل سیانی نے بتایاکہ ان کے والد کو ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ بچ نہیں سکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ان کی آخری رسومات جمعرات کو انجام دی جائیں گی۔21 دسمبر 1932 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے امین سیانی نسل در نسل گھریلو نام رہے۔ وہ طویل عرصے تک اپنی سریلی آواز اور دلفریب انداز سے سامعین کو مسحور کرتے رہے۔ انہوں نے اپنے کیریر کا آغاز انگریزی زبان کے براڈکاسٹر کے طورپر کیا تھا لیکن ہندوستان کی آزادی کے بعد وہ ہندی میں منتقل ہوگئے۔ امین سیانی نے اپنے ریڈیو پروگرام گیت مالا کے ذریعے بے پناہ مقبولیت حاصل کی جس نے ہندوستان میں ریڈیو سننے کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔گیت مالا ایک قومی رجحان بن گیاتھا جس نے ہندی فلموں کی مقبول موسیقی کی نمائش کی اور کئی دہائیوں تک سامعین کو مسحور کیا۔ سامعین کو بہنو اور بھائیو کے طورپر مخاطب کرنے کا ان کا طریقہ ان کی پہچان بن گیاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں