حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ ہائیکورٹ کو معصوم بچوں نے خط لکھ کر کہا ہے کہ ’کچھ لوگ ہمارے پارک کی جگہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘۔ جس کے بعد عدالت نے تلنگانہ کے چیف سکریٹری، کلکٹر اور میونسپل کارپوریشن کو فوری طور پر مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایات جاری دی ہے۔ ہائیکورٹ نے اس معاملہ پر آئندہ سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق عادل آباد ٹاؤن کی ہاؤسنگ بورڈ کالونی میں 1.5 ایکڑ پر ایک پارک ہے۔ ہاؤسنگ بورڈ کالونی کے 23 بچوں نے ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ پارک کی کچھ اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہائیکورٹ نے بچوں کی طرف سے لکھے گئے خط کو مفاد عامہ کی عرضی کے طور پر قبول کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ نے ریاست کے چیف سکریٹری، عادل آباد کلکٹر اور میونسپل کارپوریشن کو قبضے کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
عدالت نے اس وقت کے میونسپل کمشنر شیلجا کے کردار کی تحقیقات کرنے اور اس وقت کے کمشنر کو مدعا علیہ کے طور پر شامل کرنے کی ہدایت کی۔ مقبوضہ جگہ پر فی الحال آیاپا مندر اور دیگر تعمیرات موجود ہیں۔


