مودی مخالف بیانات کےلئے مشہور ستیہ پال ملک کے گھر اور دیگر مقامات پر سی بی آئی کے چھاپے

حیدرآباد (دکن فائلز) سی بی آئی نے آج جموں و کشمیر کے کشتواڑ میں 2019 میں کیرو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ میں 2,200 کروڑ روپے کی بدعنوانی کے معاملے میں سابق گورنر ستیہ پال ملک کے مکان سمیت 30 سے ​​زیادہ مقامات پر چھاپے مارے۔ اس پروجیکٹ میں بدعنوانی کا مسئلہ جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے اٹھایا تھا۔

ستیہ پال ملک جو 23 اگست 2018 سے 30 اکتوبر 2019 کے درمیان جموں و کشمیر کے گورنر تھے، نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں دو فائلوں کو صاف کرنے کیلئے 300 کروڑ روپے کی رشوت کی پیشکش کی گئی تھی۔ اس کے بعد سی بی آئی نے گزشتہ سال اپریل میں مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملے میں تحقیقاتی ایجنسی نے گزشتہ تین مواقع پر کئی افسران اور افراد سے منسلک احاطے میں تلاشی لی تھی۔

کیس درج کرنے کے بعد سی بی آئی نے گزشتہ سال اپریل میں 10 مقامات پر اور جون 2022 میں 16 مقامات پر تلاشی لی تھی۔ اس سال مئی میں بھی 12 مقامات پر تلاشی لی گئی تھی۔ تازہ معاملہ میں سی بی آئی ستیہ پال ملک کے ٹھاکوں پر چھاپے مار رہی ہے۔ واضح رہے کہ ستیہ پال ملک اور مرکزی حکومت کے درمیان آج کل تعلقات ٹھیک نہیں ہے جبکہ سابق گورنر نے کئی مرتبہ پی ایم مودی کے خلاف بیانات دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ ستیہ پال ملک مودی مخالف بیانات کےلئے کافی مشہور ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں