رکن اسمبلی لسیہ نندیتا کی سڑک حادثہ میں موت پر سیاسی رہنماؤں کا اظہار رنج و غم

حیدرآباد (دکن فالز) بی آر ایس کی خاتون رکن اسمبلی لسیہ نندیتا کی ایک سڑک حادثہ میں موت ہوگئی۔ نندیتا کی موت پر تمام سیاسی جماوں کے رہنماؤں نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ کنٹونمنٹ ایم ایل اے لسیہ نندیتا کی بے وقت موت سے انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ ان کے والد سے قریبی تعلق تھا جبکہ ان کا بھی گذشتہ سال اسی ماہ انتقال ہوگیا تھا۔ یہ بہت افسوسناک ہے کہ والد کے انتقال کے ٹھیک ایک سال بعد نندیتا کی بھی اچانک موت ہو گئی۔ وزیراعلیٰ نے نندیتا کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

سابق وزیر اعلیٰ و بی آر ایس سربراہ کے سی آر اور سابق وزیر کے ٹی آر نے پارٹی کی ایم ایل اے لسیہ نندیتا کی موت پر صدمے کا اظہار کیا۔ کے سی آر نے کم عمری میں رکن اسمبلی منتخب ہونے والی نندیتا کی موت پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ بہت افسوسناک ہے کہ کم عمری میں عوامی پذیرائی حاصل کرنے والی لاسیہ کا بے وقت انتقال ہو گیا۔ ٹی ڈی پی لیڈر چندرابابو نے کہا کہ وہ سڑک حادثہ میں لاسیہ نندیتا کی موت کی خبر سن کر صدمے میں ہیں۔ انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ نارا لوکیش نے بھی نندیتا کی موت پر غم کا اظہار کیا۔

وہیں بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی آر اور سابق وزیر ہریش راؤ نے بھی لسیہ نندیتا کی موت پر صدمے کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ ایک ہفتہ قبل نندیتا کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی تھیتاہم اب ان کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔

واضح رہے کہ سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ کی ایم ایل اے لسیہ نندیتا کی جمعہ کی صبح سڑک حادثہ میں موت ہوگئی۔ وہ جس کار میں سفر کر رہی تھی وہ ORR پر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ گاڑی سڑک کی ریلنگ سے ٹکرانے کے بعد نندیتا نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کی بی آر ایس ایم ایل اے لسیہ نندیتا جس گاڑی میں سفر کررہی تھیں پٹن چیرو کے قریب ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی۔ حادثے کے نتیجے میں کار ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوگیا، جبکہ نندیتا کی موت واقع ہوگئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

سکندرآباد کنٹونمنٹ کے ایم ایل اے سائی انا کی گذشتہ سال موت کے بعد ان کی بیٹی لاسیہ نندیتا کو بی آر ایس نے کنٹونمنٹ سے امیدوار بنایا تھا۔ نندیتا نے انتخابات میں انہوں نے کانگریس امیدوار کے خلاف زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں