متحدہ آندھراپردیش میں مسلم ریزرویشن اور کسانوں کو مفت برقی اسکیم کے ڈیزائنر جنت حسین کا انتقال پرملال، ہفتہ کو حیدرآباد کے پنجہ گٹہ قبرستان میں سپرد لحد کیا جائے گا

حیدرآباد (دکن فائلز) متحدہ آندھراپردیش کے سابق چیف سکریٹری اور ریٹائرڈ آئی اے ایس جنت حسین، جنہوں نے چار فیصد مسلم ریزرویشن اور کسانوں کو مفت بجلی فراہمی سے متعلق اسکیم کو ڈیزائن کیا تھا، کا آج آندھراپردیش کے نیلور میں انتقال ہوگیا۔ وہ 73 برس کے تھے اور کچھ عرصے سے الزائمر کے مرض میں مبتلا تھے۔ انہوں نے متحدہ آندھراپردیش میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

ان کے فرزند نے بتایا کہ میت کو جمعہ 23 فروری کی شام تک حیدرآباد کے کندن باغ میں واقع رہائش گاہ منتقل کیا جائے گا اور ہفتہ کو نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور پنجہ گٹہ قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔

جنت حسین 1977 بیچ کے آئی اے ایس آفیسر ہیں۔ اے پی میں کئی اضلاع کے کلکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے نارا چندرابابو نائیڈو اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکومت میں اے پی کے سی ایس کے طور پر نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے تلگو ریاست میں مختلف عہدوں پر چار دہائیوں تک خدمات انجام دیں۔وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں انہوں نے چار فیصد مسلم ریزرویشن اور کسانوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کی اسکیم کا ڈیزائنر کہا جاتا ہے۔

جنت حسین 31 دسمبر 2010 کو ریٹائر ہوگئے اور روشیا حکومت میں انہیں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے چیف کمشنر عہدہ پر فائز کیا گیا، وہ 2014 تک اسی عہدہ پر رہے۔ جنت حسین کے انتقال پر تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی کے علاوہ دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے صدمہ کا اظہار کیا۔

پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں