بڑی خبر: تمام مقدمات میں ضمانت ملنے کے فوری بعد گجرات پولیس نے مفتی سلمان ازہری کے خلاف PASA کے تحت مقدمہ درج کرکے دوبارہ جیل بھیج دیا

حیدرآباد (دکن فائلز) اسلامی اسکالر مفتی سلمان ازہری کو گجرات میں درج تمام مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے، لیکن جوناگڑھ پولیس نے اب ان کے خلاف PASA ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں وڈودرا جیل میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

مکتوب میڈیا کی رپورٹس جس میں مولانا کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے حوالے بتایا گیا کہ گجرات میں مبینہ ہیٹ اسپیچ کے تحت تمام مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے بعد پولیس نے مفتی سلمان ازہری کے خلاف انسداد سماجی سرگرمیاں ایکٹ (PASA) کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور جمعرات کی رات دیر گئے انہیں احمد آباد کی سابرمتی جیل سے وڈودرا سنٹرل جیل میں منتقل کیا گیا۔ اس دوران مفتی ازہری کے حامیوں کی بڑی تعداد وڈودرا سینٹرل جیل کے باہر جمع ہوگئی۔

قبل ازیں جمعرات کی شام کو جیسے ہی مفتی ازہری سابرمتی جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے، جوناگڑھ کرائم برانچ نے کلکٹر کے ذریعہ ان کے خلاف جاری وارنٹ کی بنیاد پر PASA ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مولانا ازہری کو حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ مفتی سلمان ازہری کو 31 جنوری کو گجرات کے جوناگڑھ میں جلسہ سے خطاب کرنے کے بعد 5 فروری کو ممبئی سے گجرات پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد گجرات کے تین مقامات پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تاہم سلسلہ وار طور پر تمام مقدمات میں مفتی ازہری کو ضمانت مل گئی لیکن گجرات پولیس نے اب ان کے خلاف پی اے ایس اے کے تحت مقدمہ درج کرکے دوبارہ گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں