حیدرآباد کے پارکس میں غیراخلاقی حرکتیں کرنے والے جوڑوں کے خلاف شی ٹیم کی کاروائی، 12 افراد کے خلاف جرمانے عائد

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد شہر میں سیر و تفریح کےلئے لوگ اپنے خاندان کے ساتھ پارک جانے سے بھی کترارہے تھے کیونکہ ایسے مقامات پر نوجوانوں جوڑوں کی غیراخلاقی حرکات پریشانی کا باعث بنی ہوئی تھیں۔ اب حیدرآباد پولیس نے پارک میں غیراخلاقی حرکتیں کرنے والے جوڑوں کے خلاف کاروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شہر کے مختلف پارکوں کے علاوہ کچھ ہوٹلس اور کھلے مقامات پر اکثر جوڑوں کو غیراخلاقی حرکتیں کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے جو لوگ اپنے خاندان کے ساتھ سیر و تفریح کےلئے وہاں جاتے ہیں تو انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا اور کئی بار تو لوگ ایسے مقامات سے واپس گھر جانے میں ہی اپنی اور اپنے خاندان کےلئے بہتر سمجھتے ہیں۔

اس معاملہ میں اب شی ٹیم نے پہل کی ہے۔ پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر غیراخلاقی و شرمناک حرکتیں کرنے پر 12 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ شی ٹیم نے حیدرآباد کے اندرا پارک، نیکلس روڈ، کرشن کانتھ پارک کے علاوہ دیگر کئی مقامات سے نوجوانوں جوڑوں کو غیراخلاقی حرکتیں کرنے کے الزام میں پکڑا ہے۔ ایسے جوڑوں پر جرمانہ عائد کیا گیا اور دوبارہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے کی ہدایت دیکر چھوڑ دیا گیا۔

شی ٹیم نے نوجوانوں جوڑوں کو انتباہ دیا کہ وہ عوامی مقامات پر ایسے کام نہ کریں جس سے عام لوگوں کو پریشانی ہو، اگر اس طرح کی حرکت کی گئیں تو نوجوان جوڑوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ شی ٹیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ اب عوامی مقامات، پارکس و دیگر علاقوں میں گہری نظر رکھی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں