حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی شہر نیو یارک کی ایک چھ منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے نوجوان ہندوستانی صحافی فاضل خان جاں بحق ہوگئے۔ اس حادثہ میں متعدد لوگ ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطاق مطابق رہائشی عمارت میں آگ لیتھیم بیٹری میں شعلہ بھڑکنے کے باعث لگی جس سے فاضل خان کی موت واقع ہو گئی جبکہ 17 دیگر افراد جھلس گئے۔
نیویارک میں واقع ہندوستانی سفارتخانے نے فاضل خان کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔ سفارت خانے کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان اور مرنے والے 27 سالہ صحافی فاضل کے دوستوں سے رابطے میں ہے تاکہ اُس کی میت کو ہندوستان بھیجنے کے انتظامات کیے جا سکیں۔
ہندوستانی سفارت خانہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شائع کیے بیان کے مطابق ’نیو یارک میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں 27 سالہ شہری فاضل خان کی موت سے صدمہ میں ہیں۔ فاضل خان کے اہلخانہ اور دوستوں سے رابطے میں ہیں۔ ہم میت کو انڈیا بھیجنے کے لیے تمام ضروری معاونت فراہم کر رہے ہیں۔‘
مرنے والے فاضل خان کولمبیا یونیورسٹی کے ٹیچرز کالج میں قائم ’ہیچنگر رپورٹ‘ میں ڈیٹا رپورٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ اپنےلنکڈ اِن بائیو کے مطابق فاضل خان نے کولمبیا جرنلزم سکول سے گریجویشن کیا جہاں انہیں اسکول کے گلوبل مائیگریشن پراجیکٹ کے لیے پوسٹ گریجویٹ فیلو کے طور پر بھی چنا گیا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2018 میں بزنس اسٹینڈرڈ میں کاپی ایڈیٹر کے طور پر کیا تھا۔ انہوں نے دہلی میں سی این این نیوز 18 میں نامہ نگار کے طور پر بھی کام کیا۔ فاضل خان سنہ 2020 میں تعلیم کے لیے نیویارک آئے تھے۔