حیدرآباد (دکن فائلز) ایل آر ایس پرحکومت نےاہم فیصلہ لیا ہے۔ لے آؤٹ کو باقاعدہ بنانے کی اسکیم ایل آر ایس 2020 کی درخواستوں کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ اِس سال 31 مارچ سے پہلے مکمل رقم ادا کرتے ہوئے پلاٹس کو باقاعدہ بنانے کا موقع دینے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔
وقف، سرکاری، عدالتوں میں زیرالتوا مقدمات سے متعلق اراضی کو چھوڑ کر دیگر پلاٹس کو باقاعدہ بنایاجاسکتا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست کی آمدنی میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ اس فیصلہ کی وجہ سے تقریباً 20 لاکھ غریب اور متوسط طبقہ کے افراد کو فائدہ ہوسکتا ہے۔
سابق میں ایک ہزارروپئے ادا کرتے ہوئے درخواست داخل کرنے والوں کو موقع دیاجائے گا۔ میونسپل کارپوریشن، بلدیہ اور گرام پنچایتوں کے حدود میں پلاٹس کو باقاعدہ بنانے کیلئے حکومتنے 2020 میں درخواستیں طلب کی تھی۔ اس وقت اس اسکیم کے تحت 25 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
تاہم عدالتوں میں مقدمات دائر کئے جانے کی وجہ سے اسکیم کو التوا میں ڈال دیاگیا۔ حال ہی میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ نے عہدیداروں کے ساتھ اس اسکیم کا جائزہ لیا تھا۔ چیف منسٹر کی جانب سے اس سلسلہ میں گرین سگنل دیا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ اس اسکیم سے حکومت کو 10 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوگی۔


