حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے محکمہ تعلیم نے جاریہ ماہ کی 15 تاریخ سے تمام اسکولوں (سرکاری اور پرائیویٹ) کے اوقات نصب دن تک کردینے کا فیصلہ کیا جائے۔ 15 مارچ سے تمام اسکول آدھے دن تک ہی کھلے رہیں گے۔ حکومت نے یہ فیصلہ گرمی کی شدت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔
حکومت کے تازہ ترین احکامات کے مطابق تمام اسکولوں میں 15 تاریخ سے صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک سیشن کے دوران ہی کلاسز ہوں گے۔ اسکولوں کے اوقات کار کو صبح آٹھ بجے سے دن میں ساڑھے بارہ بجے تک کردیا گیا تاکہ گرمی کی شدت سے ہونے والی پریشانی سے طلبا کو محفوظ رکھا جاسکے۔ آدھے دن کا یہ شیڈول 23 اپریل تک جاری رہے گا جس کے بعد گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہوجائیں گی۔
جن اسکولوں میں 10ویں جماعت کا امتحانی مراکز ہوں گے وہاں دوپہر کے اوقات میں کلاسس ہوں گے۔ امتحانات صبح منعقد ہوں گے اور دوپہر میں طلبا کے لیے کلاسز ہوں گی۔ محکمہ تعلیم کے حکام نے بتایا ہے کہ ایسے اسکولوں میں دسویں جماعت کے امتحانات کے بعد دوبارہ آدھے دن کے شیڈول کے مطابق صبح کا سیشن شروع ہوجائے گا۔
24 اپریل کو رواں تعلیمی سال کا آخری ورکنگ ڈے قرار دیا گیا ہے۔ موسم گرما کی تعطیلات 25 اپریل سے 11 جون تک رہیں گی۔ تعلیمی سال 2024-25 کے لیے اسکول 12 جون کو دوبارہ کھل جائیں گے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گذشتہ کے مقابلہ اس سال موسم گرما میں گرمی کی شدت زیادہ ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔


