حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے آج ایم جی بی ایس اور فلک نما کے درمیان پرانے شہر میں میٹرو لائن کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ 5.5 کلومیٹر طویل یہ کوریڈور II گرین لائن کا حصہ ہے جو JBS سے Falaknuma تک ہے۔
وزیر اعلیٰ پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل لائن کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ پانچ سالوں میں مکمل ہونے کی امید ہے اور اس پر تقریباً 2000 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ’پرانا شہر اصلی حیدرآباد ہے اور کانگریس پارٹی اس کی ترقی کے لیے پابند عہد ہے‘۔ حیدرآباد کی ترقی کے لیے تمام جماعتوں کو متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر بھی وزیراعلیٰ نے زور دیا۔
اس موقع پر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ و رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ پرانے شہر کی ترقی کےلئے مجلس کا تعاون ہمیشہ حکومت کے ساتھ رہے گا۔ انہوں نے پرانے شہر میں میٹرو لائن کے افتتاح پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے عوام کو کافی فائدہ ہوگا۔


