مقدس ماہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی لاکھوں نمازیوں کا سمندر مساجد میں امڈ آیا، حیدرآباد کی مکہ مسجد میں نماز تراویح کا روح پرور منظر

حیدرآباد (دکن فائلز) عالم اسلام ہی نہیں بلکہ ساری دنیا میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مساجد میں میں رونقیں بڑھ گئی ہیں۔ ملک بھر کی مساجد میں روح پرور مناظر، نماز تراویح کی ادائیگی کیلئے لاکھوں نمازیوں کا سمندر مساجد میں امڈ آیا۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند پیر کو نظر آتے ہی ملک بھرمیں تراویح کے روح پرور مناظر دیکھے گئے، عوام نے بابرکت مہینے کی مناسبت سے ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کے ساتھ ہی پہلی نمازتراویح کی ادائیگی کے لیے مساجد کا رخ کیا۔

وہیں حیدرآباد میں بھی رمضان کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی مساجد بھر گئیں اور تراویح کی نماز کے روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ تاریخی مکہ مسجد میں رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی پہلی تراویخ ادا کی گئی جس میں ہزاروں فرزندان توحید نے حصہ لیا۔ مکہ مسجد میں نماز تراویح کے روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ مکہ مسجد میں تراویح کے پررونق تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ حیدرآباد میں خاص طور پر پرانے شہر میں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں کو سجایا گیا۔

عشا کی نماز کے بعد تراویح کے دوران قرآن پاک کی تلاوت سے سارا شہر گونج اٹھا۔ حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں خواتین کےلئے بھی تراویح کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جہاں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں