مہاراشٹر: اب تاریخی شہر احمد نگر کا نام بدل کر ’پنیا شلوک اہلیا دیوی نگر‘ کردیا گیا، ممبئی کے 8 ریلوے اسٹیشنوں کے نام بھی تبدیل

حیدرآباد (دکن فائلز) مہاراشٹرا میں اب ایک اور مشہور علاقہ کا نام تبدیل کردیا گیا۔ احمد نگر کا نام بدل کر پنیا شلوک اہِلیا دیوی نگر کر دیا گیا۔ اترپردیش میں جس طرح مسلم تہذیب کی علامت والے شہروں کے نام تبدیل کیے جا رہے ہیں اسی طرح مہاراشٹرا حکومت نے بھی نہ صرف احمد نگر کا نام تبدیل کیا بلکہ دیگر 8 ریلوے اسٹیشنوں کا نام بھی بدل دیا۔

قبل ازیں اورنگ آباد اور عثمان آباد کے ناموں کی تبدیلی کو قانونی شکل دینے کے بعد اب مہاراشٹرا کی حکومت نے ایک اور تاریخی شہر احمد نگر کا بھی نام تبدیل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی کے آٹھ لوکل ریلوے اسٹیشنوں کے ناموں کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ریلوے اسٹیشنوں کے ناموں کے بارے میں یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ انگریزوں کے زمانے کے رکھے ہوئے نام تھے۔

واضح رہے کہ احمد نگر کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ یہ نظام سلاطین کا دارالحکومت بھی رہا ہے۔ اس شہر کی بنیاد نظام خاندان کے پہلے سلطان احمد نظام شاہ نے رکھی تھی۔ احمد نگر کو شہنشاہ شاہجہان نے 1637 عیسوی میں مغلیہ سلطنت میں شامل کر لیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں