حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے 15 مارچ کو حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں بڑے پیمانہ پر افطار پارٹی کا انعقاد کیا گیا جس میں ریاست کی معزز شخصیات کے علاوہ ہزاروں مسلمانوں نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے اس موقع پر رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو کھجور کھلایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امت شاہ پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے مسلم ریزرویشن کی حمایت کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے چار فیصد ریزرویشن کے لیے کانگریس کی جانب سے سپریم کورٹ میں قانونی لڑائی لڑی گئی تاہم اب اس کی حفاظت کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں سیکولر حکومت قائم ہے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندو اور مسلمان ان کی دو آنکھوں کی طرح ہیں۔ انہوں نے مسلم برادری سے اپیل کی کہ وہ خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے میں تلنگانہ کی تمام شعبوں میں ترقی اور ملک کو سوپر پاور کے طور پر ابھرنے کےلئے دعا کریں۔


