حیدرآباد (دکن فائلز) بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) رہنما کے کویتا نے پیر 18 مارچ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ دہلی شراب اسکام کیس میں گرفتار بی آر ایس ایم ایل سی کویتا نے سپریم کورٹ درخواست داخل کی ہے۔ اُنہوں نے بتایاکہ عدالت بالا میں مقدمہ کی سماعت جاری رہنے کے دوران اُنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ سابق میں سماعت کے دوران ای ڈی نے کہا تھا کہ سمن جاری نہیں کیاجائے گا اور نہ ہی انہیں گرفتار کیاجائے گا۔ لیکن مرکزی ایجنسی نے انہیں گرفتار کرکے عدالت کی توہین کی ہے۔ اپنی درخواست میں اُنہوں نے ای ڈی کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کی خواہش کی۔
بی آر ایس لیڈر کو دہلی ایکسائز پالیسی اسکام کیس کے سلسلے میں 15 مارچ کو حیدرآباد سے گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں دہلی لے جایا گیا تھا۔ خصوصی عدالت نے کویتا کو ایک ہفتے کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا۔


