ثانیہ مرزا ہوں گی حیدرآباد سے کانگریس کی امیدوار؟ تلگو میڈیا

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک بھر میں لوک سبھا انتخابات کے لئے سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ وہیں تلنگانہ میں سیاسی پارٹیوں کی جانب سے تقریباً تمام حلقوں پر امیدواروں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی تمام لوگوں کی نظر حیدرآباد پارلیمانی حلقہ پر ٹکی ہوئی ہے۔ جہاں مجلس کے بیرسٹر اسدالدین اویسی سے مقابلہ کرنے کےلئے بی جے پی نے مادھوی لتا کو میدان میں اتارا ہے جبکہ بی آر ایس کی جانب سے جی سرینواس کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ بی جے پی اور بی آر ایس کے امیدوار غیرمعروف ہیں۔ لیکن کانگریس نے ابھی تک حیدرآباد حلقہ سے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔

تلگو میڈیا کے مطابق اس بار حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس عالمی شہرت یافتہ ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کو اپنا امیدوار بناسکتی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ کانگریس نے ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا نام فائنل کر لیا ہے اور صرف اعلان کرنا باقی ہے۔

اسمبلی انتخابات میں برسراقتدار آنے والی کانگریس کے حوصلے بلند ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ تلنگانہ میں اس بار کانگریس کا جادو چلے گا۔ تلنگانہ میں 14 سیٹوں کے ہدف کے ساتھ سی ایم ریونت نے امیدواروں کے انتخاب کی ذمہ داری خود سنبھال لی ہے تاہم ریونت ریڈی تمام 17 سیٹوں پر پارٹی کی جیت کےلئے کوشاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی نے حیدرآباد حلقہ سے ہائی کمان کے سامنے ایک غیر متوقع نام پیش کیا، جسے تقریباً فائنل بھی کرلیا گیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کا نام کانگریس پارٹی کے حیدرآباد سے امیدوار کے طور پر اعلان کیا جاسکتا ہے۔

تلگو میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد سے ثانیہ مرزا کے نام پر پارٹی میں اتفاق رائے پایا گیا۔ قبل ازیں ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کا نام پر بھی غور کیا گیا تھا تاہم اب ثانیہ مرزا کے نام پر اتفاق ہونے کی اطلاع ہے۔ کانگریس کے اہم رہنماؤں نے اس سلسلہ میں ثانیہ کے اہل خانہ سے بھی رابطہ کیا ہے لیکن یہ معلوم نہ ہوسکا کہ ثانیہ مرزا کا موقف کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں