چنگی چڑلہ واقعہ پر پولیس کی بروقت کاروائی کی ستائش، بے قصور افراد پر درج مقدمات واپس لئے جائیں، غیر جاندارانہ تحقیقات کا مطالبہ، اے پی سی آر کا پولیس کمشنر کو مکتوب

حیدرآباد (راست) شہری حقوق کے تحفظ کی تنظیم ایسوسی یشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس(APCR) تلنگانہ چیاپٹر کے ایک وفد نے محترمہ ایڈوکیٹ افسر جہاں،نائب صدر اے پی سی آرتلنگانہ چیاپٹر کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس محترمہ پی وی پدمجاریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے حالیہ چنگی چرلہ واقعے پر پولیس کی بروقت کاروائی اور کشیدگی سے نمٹنے کے لیے فوری رد عمل ظاہر کرنے اور صورتحال کوجلد قابومیں کرنے پر ستائش کی اور کمشنر آف پولیس کے نام ایک مکتوب ان کے حوالے کیا جس میں ریاست میں امن واما ں کی فضا ء کو خوشگوار رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے اے پی سی آر کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا پیش کش کرتے ہوئے چند تجاویز بھی پیش کیں کہ مختلف فرقوں کے درمیان آپس میں ہم اہنگی کے لئے علاقہ میں امن کمیٹی تشکیل دی جائے جوبین مذاہب گفتگو کے زریعہ امن، بھائی چارہ، رواداری اور باہمی ا فہام و تفہیم میں معاون و مددگار ہو اور سماج میں نفرت بھڑکانے کے ذمہ دار افراد،غیر سماجی عناصر، سیاسی فائدے کے لیے سماج میں تفرقہ پیدا کرنے والوں پر سخت ایکشن لیا جائے۔

اس کے علاوہ پولیس کو چاہیے کہ وہ آف لائن اور آن لائن ہیٹ اسپیچس (نفرت انگیز تقاریر)کے خلاف سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں از خود نوٹ لیتے ہوئے فورا کاروائی کرے اور ایسے عناصر کے خلاف سوموٹو ایف آئی ار درج کرے تاکہ اس طرح کہ وقعات کا آئندہ تدارک ہوسکے۔محکمہ پولیس سے اس بات کی بھی خواہش کی گئی کہ وہ اس طرح کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بے گناہ افراد فرضی اور غلط الزامات و مقدمات کا شکار نہ ہوں۔ چنگی چرلہ واقعہ میں بھی بے قصور افراد پر درج مقدمات واپس لینے اور اصل خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔وفد میں ایگزیکٹیو ممبران اے پی سی آر ایڈوکیٹ رحمت النساء، مسعود صہیب، جناب بابا محی الدین، محمد کلیم الدین موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں