حیدرآباد: پرانے شہر میں طلبا و نوجوانوں کو نشہ کی لت کا عادی بنانے والے گروہ کا پردہ فاش، بڑی مقدار میں گانجہ اور نشہ آور چاکلیٹ ضبط، دو خواتین سمیت پانچ گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ پولیس نے ضلع رنگا ریڈی کے علاوہ حیدرآباد کے پرانے شہر میں بڑی مقدار میں نشہ آور چاکلیٹ اور گانجہ کو ضبط کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راجندر نگر پولیس نے اسکول اور کالج کے طلباء کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں نشہ آور چاکلیٹ فروخت کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ معین آباد منڈل کے ٹول کٹہ میں 580 گرام گانجہ کے ساتھ 92 گانجہ چاکلیٹ ضبط کئے گئے۔ اس سلسلہ میں تین ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمین کی شناخت سوراب کمار یادو ، مصطفٰی علی خان اور ایک دیگر کی حیثیت سے کی گئی۔ ان کے قبضہ سے 92 گانجہ چاکلیٹ کو ضبط کیا گیا۔

وہیں پولیس نے حیدرآباد کے پرانے شہر 14 کیلو گانجہ ضبط کیا ہے۔ گانجہ فروخت کرنے کے الزام میں دو خواتین کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضہ سے گانجہ، ایک کار، دو بائک اور 2 موبائل فون ضبط کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق پرانے شہر میں اس ٹولے کی جانب سے گانجہ کو چھوٹے پیکٹوں میں پیک کر کے طلباء کو فروخت کیا جا رہا تھا۔ گروہ کے ارکان سرینواس چاری، سریشا اور پدما کے خلاف این ٹی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ گروہ حیدرآباد کے پرانے شہر میں خاص طور پر اسکول اور کالج کے طلباء سمیت آئی ٹی پروفیشنل اور دیگر نوجوان طبقہ کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں گانجہ کی لت کا شکار بنارہا تھا تاکہ خوب رقم بٹوری جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں