حیدرآباد (دکن فائلز) سنگاریڈی ضلع میں آج شام آتشزدگی کا ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ ہتنور منڈل کے چندا پور میں ایس بی آرگینکس انڈسٹری میں ایک ری ایکٹر پھٹنے سے فیکٹری میں بڑے پیمانہ پر آگ لگ گئی۔ ری ایکٹر دھماکہ سے وہاں کام کرنے والے چھ مزور ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر متعدد مزدور زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
ری ایکٹر میں دھماکہ اتنا شدید تھا کہ عمارت تباہ ہوگئی۔ عمارت کے ملبہ میں کچھ لوگوں کے دبے ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ حادثہ کے بعد ریلیف اقدامات زور و شور سے جاری ہیں۔ دھماکہ و آتشمدگی کے وقت فیکٹری میں 50 ورکرز موجود تھے۔ وہیں ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔


