اقلیتوں کو لباس، غذا، زبان اور پرسنل لا کے انتخاب کی آزادی ہوگی: 2024 لوک سبھا انتخابات کےلئے کانگریس کا منشور جاری

حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کردیا، منشور میں پانچ نیائے شامل کئے ہیں، جو حصہ داری نیائے، یووا نیائے، ناری نیائے، کسان نیائے اور شرمک یعنی مزدور نیائے ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے، ’’ہم مل کر اس غیر منصفانہ دور کے اندھیرے کو دور کریں گے اور ہندوستان کے لوگوں کے لیے ایک خوشحال، انصاف سے بھرپور اور ہم آہنگ مستقبل کی راہ ہموار کریں گے۔‘‘

کانگریس کے منشور میں ذات پات کی مردم شماری، روزگار کے مواقع اور خواتین کے لیے نقد رقم کی منتقلی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ معاشی طور پر کمزور طبقات کے لیے نوکریوں اور تعلیم میں ریزرویشن کا وعدہ کیا گیا۔

منشور کو دہلی میں پارٹی کے سربراہ ملکارجن کھرگے نے جاری کیا، جبکہ اس موقع پر سینئر لیڈر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی اور منشور کا مسودہ تیار کرنے والی کمیٹی کے سربراہ و سابق مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم بھی موجود تھے۔

کانگریس کے منشور میں کہا گیا کہ ’اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر شہری کی طرح اقلیتوں کو بھی لباس، خوراک، زبان اور پرسنل لا کے انتخاب کی آزادی ہوگی۔ پرسنل لا میں اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور اس طرح کی اصلاحات متعلقہ برادریوں کی رضامندی سے کی جانی چاہئیں۔

کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے اہم اعلانات میں ملک گیر سطح پر ذات پر مبنی مردم شماری کرانا بھی شامل ہے اور ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے لیے ریزرویشن کی حد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کی بات بھی کہی گئی۔ اس کے علاوہ معاشی طور پر کمزور طبقات (ای ڈبلیو ایس) کے لیے ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں 10 فیصد ریزرویشن تمام ذاتوں اور برادریوں کے لیے بغیر کسی امتیاز کے لاگو کیا جائے گا۔

منشور میں کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ سرکاری اور پبلک سیکٹر کے اداروں میں باقاعدہ ملازمتوں کے کنٹریکٹ سسٹم کو ختم کر دے گی۔ گھر بنانے، کاروبار شروع کرنے اور جائیداد کی خریداری کے لیے ایس سی اور ایس ٹی کو ادارہ جاتی لون میں اضافہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں