حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں سیکوریٹی کی کوتاہی کا ایک چونکادینے والا واقعہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تراویح کی نماز کے دوران ایک شخص نہ صرف مسجد کے اندر داخل ہوا بلکہ وہ مبینہ طور پر خطیب صاحب کے انتہائی قریب پہنچ کر ان کے بازو بیٹھ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس شخص کا تعلق دوسرے فرقہ سے ہے۔ یہ واقعہ 6 اپریل کی رات، نماز تراویح کے دوران پیش آیا۔
مشتبہ شخص کو مسجد کے مصلیوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جس کے بعد اس واقعہ پر لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے اور مکہ مسجد کی سیکوریٹی پر سوال اٹھایا ہے۔ وہیں پولیس کی جانب سے ابھی تک اس مشتبہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم ذرائع کے مطابق اس شخص سے پولیس پوچھ تاچھ کررہی ہے۔
مکہ مسجد کے خطیب حافظ و قاری مولانا رضوان قریشی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو سیکوریٹی کے سخت انتظامات کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ’مشتبہ شخص مجھ پر حملہ بھی کرسکتا تھا، جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ شخص نشہ میں تھا‘۔


