حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی شراب اسکام میں گرفتار ایم ایل سی کے کویتا کی جانب سے عبوری ضمانت کےلئے داخل کی گئی درخواست کو دہلی کی عدالت نے مسترد کردیا ہے ۔ کویتا نے گذشتہ ہفتہ اپنے فرزند کے امتحان کے سلسلے میں انہیں عبوری ضمانت دینے کی درخواست داخل کی تھی تاہم ای ڈی نے عدالت کو بتایا کہ کویتا کے فرزند کے امتحانات تقریبا مکمل ہوگئے ہیں اس لئے انہیں ضمانت دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔
ای ڈی نے عدالت کو بتایا کہ کویتا ایک با اثر سیاستداں ہیں ۔ انہیں رہا کرنے پر گواہوں پر اثر انداز ہوسکتی ہیں ۔ فریقین کو سماعت کرنے کے بعد عدالت نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا ۔ عدالت نے کہا کہ موجودہ حالات میں کویتا کو ضمانت نہیں دی جاسکتی ۔ کویتا کو عدالت کی تحویل میں 14 دن کےلئے دیا گیا تھا جس کی مدت کل ختم ہوگئی ہے ۔ کویتا کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ کویتا کی عام ضمانت کےلئے درخواست پر سماعت 20 اپریل کو ہوگی ۔


