لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ کے تحت تلنگانہ و آندھراپردیش میں کل ہوگا نوٹیفکیشن جاری

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک بھر میں 7 مرحلوں میں عام انتخابات منعقد ہوں گے جبکہ دونوں تلگو ریاستوں میں چوتھے مرحلہ کے تحت انتخابات ہوں گے۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں انتخابات کا نوٹیفکیشن کل جاری کیا جائے گا۔ یہاں پہلے سے انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے تاہم اس میں مزید شدت آئے گی۔

آندھراپردیش میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ اسمبلی انتخابات بھی منعقد ہوں گے۔ تلنگانہ میں لوک سبھا کی کل 17 نشستوں کےلئے انتخابات ہورہے ہیں۔ کل نوٹیفیکیشن جاری ہوتے ہی نامزدگیوں کا عمل شروع ہو جائے گا۔

کاغذات نامزدگی 18 سے 25 اپریل تک قبول کی جائیں گی۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ 26 اپریل کو کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 29 اپریل ہے۔ 13 مئی کو پولنگ ہوگی۔ وہیں ووٹوں کی گنتی ملک بھر میں پولنگ کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد 4 جون کو ہوگی۔

چوتھے مرحلے کے تحت آندھراپردیش اور تلنگانہ کے علاوہ 7 دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں انتخابات ہوں گے۔ اس مرحلے میں لوک سبھا کی کل 96 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چوتھے مرحلے میں اے پی (25)، تلنگانہ (17)، مہاراشٹر (11)، بہار (5)، مدھیہ پردیش (8)، اتر پردیش (13)، اڈیشہ (5)، مغربی بنگال (8)، جھارکھنڈ ( 3)، جموں و کشمیر کی ایک نشست کےلئے پولنگ ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں