آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کبھی کسی سیاسی جماعت کی حمایت و مخالفت نہیں کرتا: جنرل سکریٹری بورڈ کا وضاحتی بیان

نئی دہلی (پریس نوٹ) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ بورڈ کے نائب صدر جناب پرو فیسر ڈاکٹر سید علی محمد نقوی کی طرف سے بی جے پی کی حمایت کی بات آئی ہے یہ ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے اس کا آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح بہار میں این ڈی اے کی حمایت میں جناب ڈاکٹر خالد انور ایم ایل سی نے بھی بورڈ کے ذمہ داروں کی حمایت کی بات کہی ہے وہ بھی بالکل بے بنیاد ہے اور انہوں نے غلط بیانی سے کام لیا ہے جبکہ شروع دن سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ پارلیمانی سیاست سے اپنے آپ کو دستور کی روشنی میں دور رکھتا آیا ہے۔

مولانا مجددی نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ نہ کبھی کسی متعین پارٹی کی تائید کرتا ہے اور نہ مخالفت۔ نائب صدر بورڈ کا بی جے پی کی حمایت میں بیان ان کی اپنی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے، مگر اس کو بورڈ کا بیان ہرگز نہ سمجھاجائے، اسی طرح خالد انور جس طرح کی باتیں کررھےہیں وہ بھی بے بنیاد اور غلط ہیں ان بیانوں سےمسلم پرسنل لا بورڈ کا کوئی تعلق نہیں ہے، اس لیے لوگ غلط فہمی میں مبتلا نہ ہوں۔ اور اس انتخابی موقع پر بورڈ کے کسی ذمہ دار یارکن کا سیاسی حمایت یا مخالفت میں دئیے گئے کسی بیان کو بورڈ سے جوڑ کر نہ دیکھاجائے ،بورڈ اول دن سے اپنے دستور پر عمل کرتا آیا ہے اور آگے بھی وہ اپنے دستور کی روشنی میں عمل کریگا ،اس لئے کسی قسم کی غلط فہمی کے شکار نہ ہوں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں