حیدرآباد کی مسجد کے سامنے پٹرول چھڑکنے کی اشتعال انگیز واردات، شرپسند شخص کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) لوک سبھا انتخابات کو نظرمیں رکھتے ہوئے فرقہ پرست طاقتیں ماحول کو بگاڑنے کےلئے کوشاں ہے تاکہ بھگوا پارٹی کو اس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکتے۔ تلنگانہ میں فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے مسلم مخالف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ طور پر شرپسندی پر مبنی ایک واقعہ حیدرآباد کے ایل بی نگر میں پیش آیا جہاں ایک شرپسند نے رات کے اوقات میں مسجد کے سامنے پٹرول چھڑک کر فرار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک شرپسند موٹر سیکل پر ایل بی نگر میں واقع مصطفیٰ مسجد کے سامنے پہنچا اور گیٹ کے سامنے چبوترہ پر پٹرول چھڑکا اور فرار ہوگیا۔ یہ واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا۔ فجر کی نماز کے وقت مسجد آنے والے مصلیوں کو اس بات کا پتہ چلا۔ جس کے بعد مسجد کمیٹی نے فوری طور پر پولیس میں اس واقعہ کے خلاف شکایت درج کرائی۔

پولیس کی جانب سے اب تک اس سلسلہ میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ عین انتخابات سے قبل اس طرح کی کاروائی سے شہر کا ماحول خراب ہوسکتا ہے۔ پولیس کی جانب سے سختی نہ برتنے کی وجہ سے فرقہ پرستوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اس طرح کی اشتعال انگیز کاروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس اشتعال انگیز واقعہ کو کسی بھی گودی میڈیا میں نہیں دکھایا جارہا ہے جبکہ تصور کئے گئے اگر کوئی شخص اس طرح کی حرکت کسی مندر کے سامنے کرتا تو آج اس شخص کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے دن رات اسی خبر کو دکھایا جاتا۔ اس طرح کے واقعات پر روک لگانے کےلئے فوری طور پر الیکشن کمیشن کو حرکت میں آنا چاہئے تاکہ پرامن ماحول میں انتخابات منعقد ہوسکے اور فرقہ پرست طاقتیں اپنے ناجائز منصوبوں میں ناکام ہوسکے۔

مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان نے بھی اس واقعہ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے پولیس سے شرپسند شخص کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں