اجمیر کی مسجد پر شرپسندوں کا حملہ، امام مولانا محمد ماہر کا پیٹ پیٹ کر قتل، مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر

حیدرآباد (دکن فائلز) راجستھان کے شہر اجمیر میں انتہائی سنسنی خیز واردات پیش آئی جس میں نامعلوم شرپسندوں نے محمدی مدینہ مسجد پر حملہ کردیا اور مسجد کے اندر گھس کر امام مسجد مولانا محمد ماہر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پیٹ پیٹ کر ان کا قتل کردیا۔ معاملہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور ضروری کاروائی انجام دی۔

تفصیلات کے مطابق آدھی رات کے بعد علی الصبح تقریباً 3 بجے خان پورہ کنچن نگر میں واقع محمدی مدینہ مسجد پر تین تا چار نقاب پوش شرپسندوں نے حملہ کردیا اور اندر داخل ہوکر امام مسجد مولانا محمد ماہر صاحب کو بری طرح مارنا پیٹنا شروع کردیا۔ مولانا شرپسندوں کے حملہ میں جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد علاقہ کے مسلمان بڑی تعداد میں مسجد میں جمع ہوگئے اور شرپسندوں کے حملہ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔

پولیس نے شرپسندوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کا تیقن دیا ہے۔ علاقہ میں موجود سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کےلئے کوشش کی جارہی ہے۔

52 برس کے مولانا محمد ماہر کا تعلق ریاست اتر پردیش کے رام پور سے تھا، وہ گذشتہ سات سال سے یہاں درس و تدریس میں مصروف تھے اور تقریباً ایک سال سے مسجد محمدی مدینہ کے امام کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں