تلنگانہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے متجاوز، لوگوں کو احتیاط برتنے کی صلاح

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں دن بدن گرمی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث لوگ گھروں کے باہر نکلنے سے پرہیز کررہے ہیں۔ صبح 10 بجے کے بعد سڑکیں سنسان نظر آرہی ہے۔ سورج کی تپش کے ساتھ ساتھ شدید لو کی وجہ سے لوگوں کا برا حال ہے۔ کریم نگر ضلع کے جمی کنٹہ میں درجہ حرارت 45 ڈگری کو عبور کر کے 45.6 ڈگری تک پہنچ گیا۔

نلگنڈہ ضلع کے مڈگلاپلی، ملگ ضلع کے مالورو میں 45.2 ڈگری، جگتیالا ضلع کے ویلگتور اور ملگ ضلع کے دھرماورم میں درجہ حرارت 45.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، وہیں حیدرآباد میں موسیٰ پیٹ کے بالاجی نگر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 42 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کل درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ لوگوں کو احتیاط برتنے کی صلاح دی گئی ہے اور کچھ ضروری ہو تبھی گھروں کے باہر نکلنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ اسی طرح تلنگانہ کے کچھ اضلاع میں بارش کا بھی امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں