ایس پی لیڈر کے ’ووٹ جہاد‘ سے متعلق بیان کو لیکر مودی کا انڈیا اتحاد پر حملہ

حیدرآباد (دکن فائلز) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس رہنما سلمان خورشید کی بھانجی اور سماج وادی پارٹی کی لیڈر ماریہ عالم خان کی مبینہ طور پر ‘ووٹ جہاد’ اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے اُن پر “خطرناک ارادوں” کا الزام لگایا اور اپوزیشن اتحاد انڈیا کے خلاف تازہ طور پر ایک بڑا حملہ کردیا۔

مودی نے کہا کہ ‘انڈی اتحاد کے ایک لیڈر نے ملک کے سامنے اپنی حکمت عملی کو بے نقاب کیا ہے۔ انڈیا اتحاد نے مسلمانوں سے ووٹ جہاد کی اپیل کی ہے۔ ایسا بیان ایک پڑھے لکھے گھرانے کی خاتون نے دیا ہے، کسی مدرسہ سے نکلنے والے بچے نے نہیں دیا‘۔ مودی نے کہا کہ ’انڈیا اتحاد مسلمانوں سے متحد ہوکر ووٹ دینے کا مطالبہ کررہا ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد نے جمہوریت اور آئین کی توہین کی ہے اور کانگریس کے کسی بھی لیڈر نے ابھی تک اس بیان کی مخالفت نہیں کی ہے۔ مودی نے کہا کہ ایک طرف انڈیا اتحاد ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور تقسیم کرنا چاہتا ہے تو دوسری طرف وہ ووٹ جہاد کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے ارادے کتنے خطرناک ہیں‘۔

واضح رہے کہ سلمان خورشید اور سماج وادی پارٹی کی لیڈر ماریہ عالم خان کے خلاف 30 اپریل کو اتر پردیش کے قائم گنج میں ایک عوامی ریلی کے دوران متنازعہ تقریر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ماریہ عالم خان نے مبینہ طور پر اقلیتی برادری سے “ووٹ جہاد” کی اپیل کی ہے۔

یہاں یہ تذکرہ بھی ضروری ہوگا کہ کچھ روز پہلے پی ایم مودی نے باوقار عہدہ پر فائز رہتے ہوئے مبینہ طور پر مسلمانوں کے خلاف انتہائی نفرت انگیز تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے مسلمانوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے والے اور درانداز قرار دیا تھا۔ مودی نے اب تک اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی معافی مانگی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں