حیدرآباد (دکن فائلز) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہاکہ ان پر ’مسلم مخالف‘ ہونے کا جھوٹا الزام لگایا جا رہا ہے جبکہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’کسی کی مخالفت کرنا ان کی پالیسی نہیں ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ فائدہ اٹھانے کےلئے نہرو کے زمانے سے ہی کانگریس کی جانب سے اس طرح کے جھوٹ پھیلائے جاتے رہے ہیں۔ کانگریس اس کا فائدہ اٹھاتی ہے۔
مودی نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں مسلمانوں کا دشمن نہیں ہوں‘۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے ان پر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ ’مسلم دشمن‘ ہیں۔ مودی نے کانگریس پر مسلمانوں کے ساتھ منافقانہ محبت کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں اب شعور پیدا ہوا ہے۔ تین طلاق کو ختم کرنے کے بعد مسلم خواتین نے ان کا شکریہ ادا کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ وہ مسلمانوں کے فائدہ میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آیوشمان کارڈ دیے گئے اور کورونا ویکسین دی گئی، اس دوران کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپوزیشن پر جھوٹ کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے مسلمانوں کے خلاف انتہائی نفرت انگیز تبصرے کئے ہیں، انہوں نے مسلمانوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے والے اور درانداز تک کہہ دیا۔


