حیدرآباد میں طوفانی بارش، متعدد سڑکیں ندی میں تبدیل، بنجارہ ہلز میں نالے کا سلاب اکھڑ گیا، مزید بارش کی پیش قیاسی، وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں آج زبردست بارش ہوئی۔ حیدرآباد میں بھی دوپہر میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے متعدد سڑکیں ندی میں تبدیل ہوگئیں اور صرف آدھے گھنٹے کی بارش کے بعد کئی مقامات پر ٹریفک جام رہا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد شہر میں موسلادھار بارش کے بعد حالات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔

آج شام سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ وزیراعلیٰ نے جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں وزراء جوپلی کرشنا راؤ، پی سرینواس ریڈی کے علاوہ متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔

حیدرآباد میں طوفانی بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ آر ٹی سی کراس روڈس، بنجارہ ہلز، سکریٹریٹ، امیر پیٹ، کوکٹ پلی، یمایت نگر، بشیر باغ اور کے علاوہ پرانے شہر کے متعدد علاقوں کی سڑکیں زیرآب آگئیں۔ بارش کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام دیکھا گیا۔

تیز بارش کی وجہ سے اودے نگر کالونی بنجارہ ہلز میں نالے کا سلاب اکھڑ گیا۔ میئر وجے لکشمی نے تباہ شدہ نالہ کا معائنہ کیا۔نالہ کو شدید نقصان پہنچنے کے بعد حکام کی جانب سے فوری طور پر متبادل انتظامات کرنے کے اقامات کئے گئے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

محکمہ موسمیات نے حیدرآباد میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق یوسف گوڑہ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ یوسف گوڑہ میں 51.3 ملی میٹر، خیرت آباد میں 48.0، قطب اللہ پور کے آدرش نگر میں 44.3، سری نگر کالونی میں 42.8، بالا نگر میں 42.5، شیخ پیٹ میں 42.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں